بھوپال،29/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے میہر سے بی جے پی رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے شہریت ترمیم قانون کی مخالفت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے مذہب کے نام پر ملک کوتقسیم نہیں کیا جانا چاہیے بی جے پی لیڈر نے کہاکہ یا آپ آئین کے ساتھ ہیں یا مخالفت میں ہیں؟ اگر آئین کے مطابق نہیں چلنا ہے تو آئین کو پھاڑ کر پھینک دینا چاہئے۔میں گاؤں سے آتا ہوں اور گاؤں میں آج آدھار کارڈ نہیں بن رہے ہیں تو باقی کاغذ ات کہاں سے لائیں گے؟ ساتھ ہی بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ ملک میں خانہ جنگی کی حالت ہے۔آج گاؤں میں لوگ ایک دوسرے کی طرف دیکھ بھی نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ برابری کی بات ہوتی ہے لیکن مذہب کے نام بٹوارہ کیا جا رہا ہے یہ غلط ہے۔جب بی جے پی رکن اسمبلی سے کہا گیا کہ آپ پارٹی لائن سے الگ ہٹ کر بیان دے رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ میرے دل کی آواز ہے۔غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت کے متنازعہ شہریت ترمیم قانون کے خلاف ملک کے کئی حصوں میں احتجاج ہو رہے ہیں۔ملک کی راجدھانی دہلی میں شاہین باغ سمیت 1 درجن سے زیادہ مقامات پر لوگ اس کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔شاہین باغ میں گزشتہ 43 دنوں سے لوگ مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ملک کے کئی دیگر شہروں لکھنؤ، پٹنہ، حیدرآباد، ممبئی، سمیت کئی مقامات پر بھی لوگ مظاہرہ کر رہے ہیں۔دہلی کی بات کریں تو یہاں تقریبا دو درجن مقامات پر احتجاج ہو رہے ہیں۔